کیمیا اور کیمیا گری مصنف حکیم نور محمد چوہان
محترم حکیم نور محمد چوہان صاحب کا نام صحافت تب اور اشاعت کتب کے سلسلے میں کسی تعارف کا محتاج نہیں یہ کہنا صد فیصد درست ہے کہ موصوف اپنی ذات میں فی الواقع ایک انجمن ہیں فطرت کے مبداُفیاض نے انہیں اتنی گوناگوں خصوصیات سے نوازا ہے کہ کسی مختصر سے تعارفی تحریر میں ان میں سے چند ایک خصوصیات کا بھی بآسانی احاطہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ چوہان صاحب بیک وقت ایک ماہر فن طبیب بھی ہیں۔ اور متعدد جڑی بوٹیوں کے خواص و اثرات یعنی نباتاتی خصوصیات کے ماہر بھی۔ اور ان گنت صنعتی تجارتی اور ٹیکنیکل کتابوں کے مصنف اور مؤلف بھی ہیں اور لگ بھگ ڈیڑھ سو سے زائد کتابوں کے ناشر بھی۔ دوا سازی کے سلسلے میں ان کی فنی مہارت مسلم الثبوت اور بعض پیچیدہ امراض سے متعلق ان کی تیار کردہ ادویات مستند حیثیت رکھتی ہیں۔ موصوف بیک وقت ایک طبی جریدہ اسرار حکمت اور ایک مزاحیہ ماہنامہ قہقہہ کی ادارت کے فرائض بھی سر انجام دیتے ہیں۔ اپنی طبی مشاغل اور کاروباری مصروفیات کے باوجود دو مختلف النوع جریدوں کی ادارت کے فرائض سے بیک وقت بحسن و خوبی عہدہ برآ ہونا نظریہ ظاہر بے حد حیرت انگیز اور ناقابل فہم معلوم ہوتا ہے۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ موصوف ان تمام انتہائی ذمہ دارانہ مصروفیات کے علاوہ بھی بہت سے دیگر ذہنی مصروفیات رکھتے ہیں۔ چنانچہ علم طب اور بیشتر ٹیکنیکل اور تجارتی موضوعات پر ان کی درجنوں ایسی کتب موجود ہیں جو اپنی عام فہم اور موضوعات کے اعتبار سے بدرجہ غایت مفید اور مقبول خواص و عوام ہیں
